ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی کے عوام نے بی جے پی کے تمام نعروں کو خاک میں ملا دیا: اجے رائے

یوپی کے عوام نے بی جے پی کے تمام نعروں کو خاک میں ملا دیا: اجے رائے

Wed, 12 Jun 2024 19:30:03    S.O. News Service

لکھنؤ، 12/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  اتر پردیش میں کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے لوک سبھا انتخابات کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی کے لوگوں نے ان کے تمام نعروں کو خاک میں ملا دیا ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کے انتخابی نتائج پر پورے ملک میں چرچا ہو رہا ہے۔ انڈیا اتحاد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس بار یوپی نے مودی جی کے ’400 پار‘ کے نعرے کو خاک میں ملا دیا۔ 80 میں سے 80 سیٹیں جیتنے اور کاشی میں 10 لاکھ ووٹوں سے جیتنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیوریا، مہاراج گنج اور امروہہ کی سیٹیں حکومت کی مدد سے جیتی ہیں۔ ان سیٹوں پر کانگریس جیت رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ریاست بھر میں تشکر یاترا نکالے گی اور ریاست کی تمام 403 اسمبلی سیٹوں تک پہنچے گی۔ راہل گاندھی نے منگل کو رائے بریلی سے اس کی شروعات کی۔ اب یہ یاترا 15 دن تک جاری رہے گا۔

اجے رائے نے کہا کہ ملک بھر کے طلباء پریشان ہیں۔ پہلے پرچے صرف یوپی میں لیک ہوتے تھے۔ ریاست میں اب تک 19 بار پیپر لیک ہو چکا ہے۔ ریاستی کانگریس صدر نے مہنگائی کو لے کر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ آٹا نہیں ہے، باہر سے منگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جموں میں دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے اور لیفٹیننٹ گورنر وارانسی اور غازی پور میں انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ ہلاک شدگان میں یوپی کے کئی لوگ شامل ہیں۔ حکومت ایسے انتظامات کرے کہ ایسے حملے دوبارہ نہ ہوں۔

دریں اثنا، کانگریس کی رکن اسمبلی آرادھنا مشرا مونا نے کہا کہ بی جے پی نے 370 کے نام پر ووٹ مانگے اور کشمیر میں ایک بھی امیدوار اپنے نشان پر کھڑا نہیں کیا، یوپی نے ان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔


Share: